قائمہ کمیٹی خزانہ نے غیرمنقولہ جائیداد حکومت کو خریدنے کا اختیار دینے کی سکیم مسترد کر دی
اسلام آباد(آن لائن )ملک میں سیمنٹ مزید مہنگا ہو جائیگا، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے سیمنٹ پر 50پیسے فی کلو ٹیکس ڈیوٹی بڑھانے کی منظوری دیدی ہے یہ ڈیوٹی 1روپیہ تھی جبکہ اب اسے1.50روپے کر دیا گیا ہے جبکہ سگریٹ بنانے والے پیپر اور سگریٹ کو مزید مہنگا کرنے کی سفارش جبکہ تمباکو پر عائد ٹیکس ڈیوٹی ختم کرنے کی بھی سفارش منظور، سینیٹر بابر احمد کی فنانس ڈویژن کی جانب سے گوادر کے لئے 2004میں 25ارب کے وعدے کے باوجود تاحال ادائیگیاں نہ کرنے پر کمیٹی سے واک اؤٹ کمیٹی نے پلاننگ اور فنانس ڈویژن کے رویے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ چند غیر منقولہ جائیداد کی خریداری پر مارکیٹ سے کم ویلیو ظاہر کرنے پر غیر منقولہ جائیداد حکومت کو خریدنے کا اختیار دینے کی سکیم کو کمیٹی نے مسترد کر دیا۔ ایف بی آر کو فنانس بل سے مذکورہ سکیم کو نکالنے کی ہدایت جاری کر دیں جبکہ گوگل یو ٹیوب پر بھی ایف بی آر کی جانبسے ٹیکس لگانے کی سکیم مسترد کر دی گئی جمعہ کو سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا اجلاس چیئر مین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں فنانس بل 2018ء اور رواں مالی سال کے دوران نئے ٹیکسوں اور محصولات کا جائزہ لیا گیا ۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ تمباکو کی کیٹگری ون کی کاشت پر کسان سے فی کلو 38روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔ جبکہ مارکیٹ میں سختی کی وجہ سے کسانوں کا کیٹگری ٹو اور تھری کا تمباکو کوئی خریدنے کے لئے تیار ہی نہیں ہوگا۔ سینیٹر اور وزیراعظم کے مشیر مصدق ملک نے کہا کہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ سی پیک جیسا بڑا منصوبہ گوادر میں شروع کیا جا رہا ہے لیکن گوادر کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ اگر فنانس اور پلاننگ ڈویژن اپنا کام نہیں کر سکتے تو ہمیں بتائیں ہم ان کی جگہ ان کا کام کریںگے۔ سینیٹر میاں عتیق شیخ نے کہا کہ ان میگا منصوبوں کی آڑ میں جو چیزیں منگوائی جاتی ہیں کچھ تو ان منصوبوں پر خرچ کی جاتی ہیں اور باقی بزنس میں لگا دی جاتی ہیں۔ سینیٹر عثمان کاکڑ نے تجویز پیش کی کہ تھر میں کوئلے پر کام کرنے والے ٹرکوں اور ڈمپرز سے کوئی ڈیوٹی نہیں لی جاتی۔ لہذا بلوچستان میں بھی مائننگ پر کام کرنے والے ڈمپر اور ٹرکوں کو ڈیوٹی فری بنا دیا جائے کمیٹی نے ضلع موسیٰ خیل ، قمر دین اور بادینی میں نیشنل بینک کے قیام کی سفارش کی بھی منظوری دے دی۔ جبکہ وزیراعظم انٹرنشپ پروگرام کی رقم 12ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 20ہزار روپے کرنے کی سفارش کو بھی منظور کر لیا۔ جبکہ فائبر کی امپورٹ پر ڈیوٹی 20فیصد سے کم کر کے 11فیصد کرنے کی بھی سفارش منظور کر لی ہے۔ کمیٹی نے ایف بی آر کی جانب سے یوٹیوب ، یاہو، گوگل پر 5فیصد ڈیوٹی ٹیکس عائد کرنے کی سفارش مسترد کر دی کیونکہ ایف بی آر حکام کمیٹی کو یو ٹیوب ، گوگل اور یاہو سے حاصل ہونے والے ٹیکس کا ڈیٹا فراہم کرنے میں ناکام ہو گئے اور ایف بی آر حکام آن لائن سروسز کے بارے میں کسی قسم کی بھی تفصیلات فراہم نہ کر سکے۔ جماعت اسلامی کی الخدمت فاؤنڈیشن کو ہی پاکستان کی فلاحی تنظیموں میں شامل کرنے کی تجویز پر بھی غور شروع کر دیا گیا۔ کمیٹی نے کہا کہ سوموار کو الخدمت فاؤنڈیشن کو فلاحی تنظیموں میں شامل کرنے کے حوالے سے جائزہ لیا جائے گا۔