بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت اور حکومتی نا اہلی ہے ،ندیم شیخ
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) راولپنڈی چیمبر آف سمال چیمبرز اینڈ سمال انڈسٹریز کے صدر ندیم شیخ نے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ناقابل برداشت اور حکومتی نا اہلی ہے ، ایک طرف لوڈ شیڈ نگ ختم کرنے کے دعوے کئے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ متعدد علاقوں میں دس سے بارہ گھنٹے ہو چکاہے جو کہ حکومتی دعووں کی مکمل نفی ہے ۔ گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈ شیڈنگ کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے جس سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ صنعتی شعبے سے وابستہ افراد کی مشکلات بڑھ گئی ہیں رمضان المبارک کی آمد بھی قریب ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے اور رمضان المبارک میں بھی لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے ، شب برات جیسی عظیم رات پر بھی شہر کے متعدد علاقے اندھیرے میں ڈوبے رہے جو کہ متعلقہ حکام کے لئے لمحہ فکریہ ہے ۔ان خیالات کا اظہار ندیم شیخ نے چیمبر دفتر میں تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ندیم شیخ نے کہا کہ بجلی کی طویل بندش سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں اور حکومت کے آخری مہینے میں یہ صورتحال خود حکومت کی کارکردگی پر بھی سوالیہ نشان اٹھا رہے ہیں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ پر تاجر برادری کو شدید تشویش ہے اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لیا جائے اور لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔