اسلام آباد:16 افسروں کو گریڈ22 میں ترقی دینے کی سفارش وزیراعظم سیکرٹریٹ کو ارسال
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سنٹرل سلیکشن بورڈ نے گریڈ 21 سے گریڈ 22 میں ترقی کیلئے 140 افسران کے کیسز وزیراعظم کی منظوری کیلئے پرائم منسٹر سیکرٹریٹ بھجوائے جن میں سے صرف 16افسران کوگریڈ 22 میں ترقی دیئے جانے کی سفارش کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سینئر افسران نے ترقی نہ ملنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ترجمان مسعود اختر نے بتایا کہ ابھی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ترقی پانے والے افسران کی تفصیلات موصول نہیں ہوئی ہیں۔ ادھر دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ ترقی نہ پانے والوں میں فارن سروس کے سینئر افسر قاضی خلیل اﷲ جو اس وقت روس میں پاکستان کے سفیر ہیں شامل ہیں۔ فارن سروس کے سینئر ترین افسر مشتاق علی شاہ گزشتہ7 سالوں سے ترقی نہیں حاصل کر سکے۔ اس بار بھی وہ ترقی سے محروم ہوگئے ہیں۔ پولیس گروپ کے سینئر ترین افسر ندیم ریاض‘ نسیمہ اختر‘ ڈی ایم جی گروپ کے عبدالسبحان بھی ترقی نہ پانے والوں میں شامل ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے ترجمان کے مطابق اس حوالے سے ابھی وہ کچھ نہیں کہہ سکتے۔