انتخابات کے نتیجے میں مخلوط حکومت دیکھ رہا ہوں: یوسف رضاگیلانی
ملتان (نامہ نگار خصوصی) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ میں 2018کے الیکشن کے نتیجے میں ملک میں مخلوط حکومت دیکھ رہا ہوں ویسے بھی مخلوط حکومت کا تجربہ پیپلز پارٹی سے بہتر کسی کے پاس نہیں ہے مخلوط حکومت کا تجربہ پیپلز پارٹی کے دور میں اچھا رہا اور مولانا فضل الرحمان بھی ہمارے مداحوں میں شامل رہے وہ اپنی رہائش گاہ پر مولانا فضل الرحمان کی موجود گی میں میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میری حکومت کے دور میں مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ میں انتہائی مثبت کردار ادا کیا جب میں نے 1973کا آئین بحال کرنے کے لئے جب آئینی ترامیم منظور کرائیں تو مولانا فضل الرحمان نے بے حد تعاون کیا اسی طرح جب ہم نے سینیٹ سے سرائیکی صوبے کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کرایا تو تب بھی مولانا فضل الرحمان نے ہمارا ساتھ دیا انہوں نے کہا کہ میں آنے والی پارلیمنٹ ایک ہنگ پارلیمنٹ دیکھ رہا ہوں اور آئندہ ملک میں مخلوط حکومت بنے گی ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم نامزدگی کے حوالے سے ابھی تو قائد ایوان اور قائد حزب اختلاف کے درمیان میٹنگ بھی نہیں ہو ئی لیکن جب آئین میں گنجائش موجود ہے تو پھر نتیجہ بھی بہتر نکلے گاپیپلز پارٹی اور ایم ایم اے کے آئندہ متوقع انتخابی اتحاد کے سوال پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ آئندہ الیکشن میں کس کس کے درمیان اتحاد ہو گا۔