پنجاب حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے: رانا اقبال خاں
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاںنے کہا ہے کہ صحافی حقیقت پر مبنی معیاری تنقید کے ذریعے حکومت اور اپوزیشن دونوں کی رہنمائی کر سکتے ہیں۔کسی بھی ترقی یافتہ ملک کی کامیابی میں صحافت کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔ان کی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ شعبہ صحافت سے منسلک افراد اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے نو منتخب صدر خواجہ نصیر اور سیکرٹری محمد علی اقبال سے حلف لینے کے بعد خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب پنجاب اسمبلی کے کیفے ٹیریا میں ہوئی ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ ، وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو، رانا ارشد سینئر سیکرٹری پنجاب اسمبلی رائے ممتاز حسین بابر، پنجاب اسمبلی کی پریس گیلری کمیٹی کے ممبران دیگرافسران بھی موجود تھے۔ وزیرقانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ پنجاب حکومت میڈیا کی آزادی پر یقین رکھتی ہے کیونکہ میڈیا ہی جمہوریت اور شخصی آزادیوں کی ضمانت کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پریس گیلری حکومت اور میڈیا کے درمیان پل کا کردار ادا کرتی ہے۔ ہم نے ہمیشہ سنجیدگی سے اس پلیٹ فارم سے اٹھنے والے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی۔پنجاب اسمبلی پریس گیلری کے صدر خواجہ نصیراو ر سیکرٹری محمد علی اقبال نے اس موقع پرکہا کہ صحافی برادری اپنے فرائض سے بخوبی واقف ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ میڈیا کے نمائندے انتہائی ذمہ داری سے ملک و قوم کی بہتری ، جمہوریت کی بالا دستی اور جمہوری اداروں کے استحکام کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ بعدازاں سپیکر رانا محمد اقبال خاں نے پریس گیلری کمیٹی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔