نواز شریف کی سیاست میں اب حسرت کے سوا کچھ نہیں رہا: تحریک انصاف
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عمران خان کو سیاستدان نہ سمجھنے والے او ر واویلا کرنے والوں کو آئندہ انتخابات میں اندازہ ہو جائے گا کہ ان کا مقابلہ کس سے ہے؟ سونامی روکنے میں ناکامی پر کرپٹ مافیانے الزام تراشی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریفوں کے دن گنے چاچکے ہیں،بڑے بھائی نواز شریف کی سیاست میں حسرت کے سوا کچھ نہیں رہا۔اعجازاحمد چوہدری نے کہاہے کہ جنرل جیلانی کی گود میں پلنے والے اور ضیاء الحق کے ہاتھ سے چوسنی پی کر بڑے ہو نے والے نواز شریف کو آج خلائی مخلوق نظر آرہی ہے ۔وہ گزشتہ روز این اے 133کی یوسی 228کے علاقہ مخدوم آباد میں پارٹی رہنما امجد خان کے ہمراہ کارنر میٹنگ سے خطاب کررہے تھے ا س موقع پر (ن) لیگ کے مقامی رہنما امجد سیا ل، رفیق گجر اور علی گجر نے اپنی برادری سمیت (ن) لیگ چھوڑ کرپی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ ڈاکٹر شاہد صدیق خان نے کہا ہے کہ نواز شریف واضح کریں خلائی مخلوق کون ہیں؟ (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی نے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ہے۔