4700 نرسز ہیلتھ کیئر سسٹم میں جلد شامل ہونگی: سلمان رفیق
لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق نے کہا ہے کہ چار ہزار سات سو نرسز پنجاب پبلک سروس کمیشن سے سلیکٹ ہو کر جلد ہیلتھ کیئر سسٹم میں شامل ہورہی ہیں ان نرسز کے آنے سے صوبے کے تمام ہسپتالوں میں نرسز کی کمی کو پورا کرنے میں بہت مدد ملے گی اور صحت کی خدمات میں مزید بہتری آئے گی-انہوں نے ہدایت کی کہ ٹیچنگ ہسپتالوں اور سپیشلائزڈ ہیلتھ کے اداروں میں مریضوں اور لواحقین کے لئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے۔اور تمام ہسپتالوں کے سربراہان اپنے اپنے ادارے میں انتظامات کا جائزہ لے لیں کیونکہ آئندہ ہفتہ سے پینے کے پانی کے انتظامات کی تھرڈ پارٹی پڑتال کا آغاز کیا جارہا ہے جس میں ہر ادارے کے اقدامات کا انفرادی طور پر جائزہ لیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ادارے کا سربراہ جوابدہ ہوگا-انہوں نے یہ بات محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں تمام میڈیکل ایجوکیشن کے اداروں اور ٹیچنگ ہسپتالوں کے سربراہان کے ویڈیو لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔