پی ایم ایس افسروں کا چیف سیکرٹری آفس کے باہر علامتی احتجاج
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پی ایم ایس ایسو سی ایشن کی کال پرلاہور کے پی ایم ایس افسران نے گزشتہ روز چیف سیکرٹری آفس کے باہر گزشتہ روز بھی علامتی احتجاج کیا۔ پی ایم ایس ایسوسی ایشن کی جانب سے 15 مارچ 2018 کو اپنے مطالبات کے لئے جاری ہونے والے منٹس آف میٹنگ پر تاحال عملدرآمد نہ ہونے پر پی ایم ایس ایسوسی ایشن کی کال پر لاہور ڈویڑن اور سول سیکرٹریٹ کے افسران نے گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد چیف سیکرٹری آفس کے باہر سیاہ پٹیاں باندھ کر قطار میں 15 منٹ خاموش رہ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔ احتجاج میں صدر پنجاب پروفیسرز اور لیکچرارز ایسوسی ایشن کی سربراہی میں پروفیسرز اور لیکچرارز کے وفد نے بھی شرکت کی۔اس موقعہ پر نوید شہزاد مرزا جنرل سیکرٹری پی ایم ایس ایسوسی ایشن نے کہا کہ صوبائی سروس کے افسران کا احتجاج صوبہ بھر میں اْس وقت تک جاری رہے گا جب تک 15 مارچ 2018 کو جاری ہونے والے منٹس آف میٹنگ پر عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔