سیالکوٹ: ہیروئن سمگل کرنے کے الزام میں نائیجیرین جوڑے کو ساڑھے 3سال قید‘ 40ہزار جرمانے کی سزا
سیالکوٹ (نامہ نگار) ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ محمد زاہد غزنوی نے ہیروئن سمگلر نائجیرین جوڑے کو مجموعی طور پر ساڑھے تین سال قید بامشقت اور 40 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی۔ فاضل جج نے منشیات سمگلر جسٹن چیکو میکا کو ایک کلو سے زائد ہیروئن کے جرم میں 20 ماہ قید بامشقت اور 20 ہزار روپے جرمانہ اور اسکی ساتھی ملزمہ گریس نینا کو 11 ماہ قید بامشقت اور 20 ہزار روپے جرمانہ کی سزا دی ہے۔ جرمانے ادا نہ کرنے پر دونوں کو مزید تین تین ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ عدالت نے بغیر ویزے کے پاکستان میں داخل ہونے پر مجرم جسٹن چیکو میکا کو 14فارن ایکٹ کے تحت ایک سال قید بامشقت کی بھی سزا دی ہے۔ انٹی نارکوٹکس فورس نے نائجیرین جوڑے کو دو کلو سے زائد ہیروئن سمگل ہوئے ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا۔