پاکستان اس سال بھی روس میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ کیلئے فٹبال فراہم کریگا
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)وزارت تجارت نے فٹ بال کے عالمی کپ 2018ء میں استعمال ہونے والے آفیشل فٹ بالز ٹیل سٹار اور ایمرجنگ پاکستان بارے تقریب کا انعقاد کیا جو کہ وزیر اعظم کے دفتر اسلام آباد میں ہوئی ۔ پاکستان فٹ بال کے (فیفا) اس عالمی کپ 2018ء میں استعمال ہونے والے فٹ بال فر اہم کرے گا جو کہ اس سال موسم گرما میں روس میں منعقد ہو گا ۔ جس کے لئے سیالکوٹ کی ’’ فارور ڈسپورٹس نامی فرم ٹیلی سٹار 18نامی فٹ بال فراہم کر رہی ہے جبکہ اسی فرم نے 2014ء کے اس فیفا عالمی کب 2014کے لئے بھی آفیشل فٹ بالز فراہم کئے تھے جو کہ برازیل میں منعقد ہوا تھا پاکستان سالانہ تقریباً4کروڑ فٹ بالز برآمد کرتا ہے ۔2017-18میں پاکستان دس ماہ میں 122ملین ڈالرز مالیتی فٹ بالز برآمد کئے جو کہ 2016-17کی برآمد سے دس فیصد زیادہ ہیں ۔ وزیر اعظم نے فارورڈسپورٹس کی جدت اور مسابقت کا اعتراف کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے فارور ڈسپورٹس کے چیف ایگزیکٹو افسر خواجہ مسعود اختر کو ستارہ امتیاز دینے کی سفارش کی ہے ۔ وزیر اعطم نے تقریب کے دوران پاکستان سپورٹس گڈز مینو فیکچررز اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے کردار کو بھی سراہا ۔ سیکرٹری تجارت نے تقریب کے شرکاء کو وزارت تجارت کے ابھرتا پاکستان ، شروعات کے تصور اور عمل درآمد کے بارے میں بتایا ،تقریب میں بڑی تعداد میں سفارت کاروں ، ہائی کمشنرز ، پارلیمنٹیرنیز ، تجارتی تنطظیموں ، ایوان ہائے صنعت و تجارت ،تجارتی ایسوسی ایشنز اور سپورٹس کی اشیاء کے برآمد کنندگان کی بڑی تعداد اور دیگر معززین نے شرکت کی۔