سعودی عرب: 34 ارب 60 کروڑ کی لاگت سے معیار زندگی پروگرام 2020ء شروع
ریاض (اے پی پی) سعودی عرب کی اقتصادی اور ترقیاتی کونسل نے معیارِ زندگی پروگرام 2020 کا آغاز کر دیا ہے ،جس پر 34 ارب 60 کروڑ ڈالر ( 130 ارب ریال ) لاگت آئے گی۔العربیہ ٹی وی کے مطابق معیار زندگی پروگرام بھی سعودی عرب کے معیشت کو متنوع بنانے اور تیل پر معیشت کا انحصار کم کرنے کے لئے جاری ویژن 2030ء کا حصہ ہے۔ مملکت کی وزارتی کونسل نے اس کی منظوری دی تھی۔سعودی ولی عہد اور اقتصادی وترقیاتی کونسل کے چئیرمین شہزادہ محمد بن سلمان کی کوششوں سے معیار زندگی پروگرام شروع کیا گیا ہے ۔معیار زندگی پروگرام کے تحت مختلف منصوبوں کی کل لاگت کا تخمینہ 130 ارب ریال لگایا گیا ہے۔اس میں سے ساڑھے 74 ارب ریال کی براہ راست سرمایہ کاری کی جائے گی۔ اس پروگرام کے تحت شہریوں کی فلاح وبہبود کے لئے مختلف نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔