محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے تمام طبقات کا کردار ضروری ہے: رضاعلی گیلانی
لاہور(لیڈی رپورٹر)صوبائی وزیر ہائیر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کہا ہے کہ زندگی میں آگے جانے کیلئے صرف تعلیم کافی نہیںبلکہ اچھی تربیت بھی ضروری ہے، انسانوں کی مدد کرنا عبادت ہے، محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے معاشرے کے تمام طبقوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، دنیا کی 62فیصد آبادی محنت کشوں پر مشتمل ہے۔انہوںنے ان خیالات کااظہار الحمرأ ہال میں محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب اور یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیراہتمام یوم مئی کے تقاضوں سے آگاہی کی تقریب سے خطاب میںکیا۔دیگرمقررین میں طاہرہ حبیب جالب، لارڈ ایم کے پاشا، یونیک گروپ کے ریکٹر پروفیسر امجد علی خان، ڈائریکٹر جہانزیب انور ملک اور پنجابی کے ممتاز شاعر بابا نجمی شامل تھے۔ صوبائی وزیر نے مہمانان خصوصی میں سووینئراور طالبعلموں میں سرٹیفیکٹ بھی تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ریکٹر یونیک گروپ پروفیسر امجد علی خاں نے کہا کہ ہمیں اپنے حقوق کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں پر بھی توجہ دینی چاہئے ۔کیونکہ اگر ایک طرف حقوق کا حصول ضروری ہے تو دوسری جانب اپنے فرائض ادا کرنا بھی ہماری ذمہ داری ہے ۔