ای او بی آئی کرپشن کیس، وکلا کو نوٹس جاری، پیش ہو نے کی ہدایت
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)چیف جسٹس آف پاکستان مسٹر جسٹس میاںثاقب نثار نے ای او بی آئی کرپشن کیس میں وکلاء کو دی جانی بھاری فیسوں کے حوالے سے ریمارکس دیئے ہیں کہ ملک میں قانون کی حکمرانی ہے، اس لیے بھاری فیس لینے وہ وکیل جو جج (جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اخترکیانی))بن گئے ہیں عدالت میں پیش ہو کر وضاحت کریں ، دوران سماعت انکشاف کیا گیا کہ مجموعی طور پر5کروڑ روپے فیس وکلاء کو ادا کی گئی ،عدالت نے متعلقہ تمام وکلاء کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کردی ہے۔ ای او بی آئی اسکینڈل میں خلاف قانون وکلائ کو فیسوں کی ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے کی چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ فیسیں وصول کرنے والے تمام وکلائ عدالت میں پیش ہوکر وضاحت پیش کریں، واضح رہے کہ وکلاء میں اعتزاز احسن، گوہر علی خان اور دیگر شامل ہیں،عدالت کو بتایا گیا کہ ای او بی آئی کی جانب سے تمام وکلاء کو مجموعی طور پر پانچ کروڑ ادا کیے گئے، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ فیسیں لینے والے وکلاء میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے دو ججز بھی شامل ہیں۔