میڈیا ورکرز تنخواہوں کی عدم ادائیگی سے متعلق کیس کی سماعت 7 مئی کو ہوگی
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ آف پاکستان میں،پرنٹ و الیکڑانک کے صحافیوں اور میڈیا ورکز کی تنخواہوں کی عدم ادائیگیوںسے متعلق ازخود نوٹس کیس کی سماعت 7مئی بروز پیر کو ہوگی ۔ عدالت نے تمام میڈیا مالکان کو 30اپریل تک تمام تنخواہیں کلیر(دینے) کرکے سرٹیفیکیٹس سپریم کورٹ میں جمع کروانے کا حکم دیا تھا۔عدالت نے قرار دیا تھا کہ اگر کسی ادارے کی جانب سے جھوٹی بیان حلفی جمع کروائے گئے تو شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی ہوگی،ذرائع کا کہنا ہے کہ معاملے سے متعلق کچھ کے علاوہ زیادہ تر میڈیا اداروں کی جانب سے بیان حلفی، سرٹیفکیٹس سپریم کورٹ میں جمع کروادیئے گئے تھے۔ اس حوالے سے کیس میں متفرق 10درخواستیں دائر ہیں، ان میں ایک توہین عدالت کی درخواست میاں محمد سرور بنام زاہد سلیم چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف بھی ہے ۔ کاز لسٹ کے مطابق کیس کا نمبر14 ہے ۔کیس کی سماعت چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ کرے گا۔