’’آباد‘‘ کم لاگت کے گھر تیار کرے حکومت ہرممکن مدد فراہم کریگی‘ گورنر پنجاب
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے اندر اپنی چھت کا حصول خواب ہے۔ ’آباد‘ کم لاگت کے گھر تیار کرنے کے پروگرام پر عمل کرے۔ پنجاب حکومت اور وفاقی حکومت ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز پاک چائنا دوستی سینٹر میں ’آباد‘ کے زیراہتمام سہ روزہ ایکسپو کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ایکسپو کا انعقاد بڑے شہروں کے ساتھ ساتھ چھوٹے شہروں میں بھی کیا جائے۔ ایک ایک کمرے کے پری فیبری کیٹڈ مکان بنائے جائیں تاکہ کمزور طبقات بھی ان سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ خوشی کی بات ہے تعمیراتی صنعت اب کراچی سے نکل کر اسلام آباد آئی ہے۔ ایسی ایکسپوز سے آگاہی بڑھتی ہے۔ کسی کو ’آباد‘ کر دینے سے دعا بھی ملتی ہے۔ ہماری کوشش ہونی چاہئے بستیاں آباد کریں۔ ’آباد‘ کے چیئرمین عارف جیوا نے کہا کہ ’آباد‘ ملک کے اندر تعمیرات کو سستا کرنے کے لئے بھی کام کر رہی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کار پاکستان میں ہاؤسنگ کے شعبے میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ ناقص پالیسیاں اور قوانین رکاوٹ بن جاتے ہیں۔ ’آباد‘ کے سرپرست اعلیٰ محسن شیخانی نے کہا کہ ’لو کاسٹ‘ گھروں کے سلسلے میں 21 لاکھ میں 5 مرلہ کا بنا کر دیں گے۔