عمران کے فوج پر الزامات، ثبوت نہ دیئے تو صادق امین نہیں رہیں گے، رحمان ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہےکہ آج اگر وقت عمران خان کے حق میں ہے تو کل کو خلاف بھی ہو گا۔ ہم تو عرصے سے شور مچا رہے ہیں کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرو لیکن نواز شریف نے ہماری ایک نہ سنی اور آج بھگت رہے ہیں ۔نواز شریف کا جب اچھا وقت تھا تو وہ پیپلز پارٹی کا مذاق اڑاتے تھے، آج خود پر مشکل وقت آیا ہے تو خلائی مخلوق کا شور مچا رہے ہیں عمران خان پاک فوج پر لگائے اپنے الزام کے ثبوت پیش کریں ورنہ وہ بھی صادق و امین نہیں ہیںاور آرٹیکل 62 اور 63کی زد میں آکر نا اہل ہوجائیں گے، نواز شریف نے اگر خلائی مخلوق دیکھی ہے تو وہ ناسا سے رابطہ کریں، عمران خان نے بھی کہا کہ پاک فوج نے نواز شریف کو الیکشن جتوایا۔ میرا مطالبہ ہے کہ عمران خان بھی اپنے اس الزام کی وضاحت کریں اور اس کا ثبوت قوم کے سامنے رکھیں۔ اگر عمران خان ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو پھر وہ بھی صادق و امین نہیں ہیں اور عوام ان کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں جائیں گے۔
رحمان ملک