جنسی ہراسگی، زیادتی اسکینڈل جنگ عظیم دوم کے بعد پہلی مرتبہ رواں برس ادب کا نوبل انعام کسی کو نہیں دیا جائیگا
لاس اینجلس (آن لائن) دنیا کے سب سے اہم اور معتبر سمجھے جانے والے ایوارڈ نوبل انعام دینے والی کمیٹی نے اعلان کیا ہے جنگ عظیم دوم کے بعد 70برس میں پہلی مرتبہ رواں برس ادب کا نوبل انعام نہیں دیا جائے گا۔ تاہم کمیٹی کا کہنا ہے کہ 2019 میں ایک ساتھ 2 انعامات کا اعلان کیا جائے گا۔ نوبل پرائز فاؤنڈیشن کے بورڈ آف چیئرمین کارل ہینرک ہیلڈن کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا کہ فاؤنڈیشن سویڈش اکیڈمی کی جانب سے ادب کا نوبل انعام رواں برس نہ دیے جانے والے فیصلے کی حمایت کرتی ہے۔ بیان میں یہ نہیں بتایا گیا کہ ادب کا نوبل انعام رواں برس کیوں نہیں دیا جائے گا، تاہم اس بات کی تصدیق کردی گئی کہ پہلی بار اس انعام کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ گزشتہ ماہ نوبل اکیڈمی کی ادب کمیٹی میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ریپ کا نشانہ بنائے جانے کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد رواں برس اس شعبے کے انعام کا اعلان نہیں کیا جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق دنیا کے معتبر ترین ایوارڈ دینے والے ادارے میں خواتین کے ساتھ نازیبا رویہ اختیار کیے جانے کا سکینڈل سامنے آنے کے بعد دنیا بھر میں ادارے کی بدنامی ہوئی۔
نوبل انعام