زرداری، نیازی کو قوم پہچان چکی، الیکشن میں آٹے دال کا بھائو معلوم ہو جائے گا: شہبازشریف
لاہور/ وہاڑی (خبر نگار+ نامہ نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں 1 ارب 20 کروڑ 43 لاکھ روپے کی لاگت سے ہسپتال کی تعمیر و توسیع اور دیگر منصوبوں کا افتتاح کیا جن میں پتھالوجی لیب، سی ٹی سکین مشین، انسینریٹر اور ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک شامل ہیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی میں چار میگا پراجیکٹ 24 کروڑ 60 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کئے گئے ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کی تعمیر و توسیع اور تزئین نو پر 95 کروڑ 83 لاکھ روپے لاگت آئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے پتھالوجی لیب کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال وہاڑی میں پتھالوجی لیب کا انتظام امریکن ادارے نارتھ شور میڈیکل لیبارٹریز کے سپرد کیا گیا ہے۔ مریض معمولی ٹوکن فیس ادا کریں گے، ٹیسٹوں کی فیس حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کی 300 بیڈ تک توسیع مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا اعزاز ہے۔ وہاڑی کے عوام سے محبت ہے، خدمت کا سفرجاری رہے گا۔ میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے دوردراز علاقوں میں صحت عامہ کے حوالے سے جدید ترین اورشاندار نظام قائم کر دیا ہے جس کے تحت عوام کو بہترین، معیاری اور جدید طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ اس نظام کامقابلہ ہمسایہ ممالک کیساتھ بھی کیا جا سکتا ہے۔ مریضوںکی جیب سے پیسے نکلوانے کا نظام ختم ہوچکا ہے۔ اب کسی مافیا کی جانب سے پیسے کمانے کیلئے سی ٹی سکین مشین خراب کرنے کا کلچر دفن ہوچکا ہے۔ انہوں نے ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر فاروق احمد اورعملے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھوٹ، الزامات اور انتشار سے قومیں نہیں بنتیں۔ بدقسمتی سے ملک میں الزام تراشی کا کلچر بن چکا ہے۔ جھوٹ بولنا اور الزام تراشی کرنا عمران نیازی کی عادت بن چکی ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران انہوں نے اپنے صوبے میں کوئی منصوبہ لگانے کی بجائے صرف اور جھوٹ اور الزام تراشی کی ہے۔ وہ صرف دھرنے، لاک ڈاؤن اورانتشار کی سیاست میں مصروف رہے۔ انہیں اگر جھوٹے الزامات اوردھرنے دینے سے فرصت ملتی تو وہ عوام کیلئے کوئی فلاحی منصوبہ لگاتے، کے پی کے کی دکھی انسانیت کی خدمت کرتے۔ دوسری جانب سر سے لیکر پاؤں تک کرپشن میں ڈوبے زرداری نے سندھ کو برباد اورکراچی کو کرچی کرچی کردیا ہے۔ ان کی حکومت نے بھی سندھ میں صحت کے عامہ کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا ہے جبکہ ہم نے ایک ٹیم ورک کے طورپر کام کرتے ہوئے پنجاب میں صحت کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں کی ہیں۔ زرداری صاحب کی جانب سے اس غریب قوم کے لوٹے ہوئے 6ارب روپے نظام تو واپس نہیں لاسکا تاہم وہ یہ رقم خود واپس لے آئیں تو شاید اللہ تعالیٰ ان کی غلطیوں کو معاف کردے۔ کھربوں روپے کی کرپشن سے ملک کنگال ہوا اور قومی معیشت کا بیڑہ غرق ہوا۔اب بھی وقت ہے کہ مخالفین ہوش کے ناخن لیں، الزامات اورجھوٹ کی سیاست کو ترک کر کے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ اگر اب بھی رویہ نہ بدلا تو یاد رکھیں کوئی ہمارا نام لینے والا نہ ہوگا۔ محنت، امانت اور دیانت کو شعار بنا کر ملک وقوم آگے بڑھ سکتی ہے اور پاکستان دنیا عظیم ملک بن سکتا ہے۔ اگر بھارت ایک معاشی قوت بن سکتا ہے تو پاکستان کیوں نہیں۔ محنت، امانت اوردیانت کو شعار اورقائد و اقبال کے افکار پر عمل پیرا ہوکر ہم بھی پاکستان کو دنیا کی عظیم معاشی قوت بنا سکتے ہیں۔
شہباز شریف