پاکستان کیخلاف تاریخی ٹیسٹ میچ‘ آئرش سکواڈ کا اعلان‘ ولیم پورٹر فیلڈ کپتان مقرر
لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر )آئرلینڈ نے پاکستان کے خلاف کھیلے جانے والے اپنی تاریخ کے پہلت ٹیسٹ میچ کے لیے ولیم پورٹر فیلڈ کی قیادت میں اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔آئرلینڈ نے 11مئی سے شروع ہونے والے تاریخ ساز میچ کے لیے 14 رکنی مضبوط سکواڈ کا اعلان کیا ہے لیکن جیک ٹریکٹر، سمی سنگھ اور بیری میک کارتھی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔تاہم سکواڈ سے سب سے حیران کن اخراج تجربہ کار سپنر جیورج ڈوکریل کا ہے جس کی وجہ ان کی موجودہ خراب فارم کو قرار دیا جا رہا ہے۔ٹیم کی قیادت ولیم پورٹر فیلڈ کریں گے جنہوں نے آئرلینڈ کو عالمی سطح پر منوانے اور ٹیسٹ سٹیٹس دلوانے میں اہم کردار ادا کیا جبکہ پاکستان کے خلاف اوبرائن برادرز پر مشتمل تجربہ کار جوڑی کا کردار بھی بہت اہمیت کا حامل ہو گا۔آئرش سکواڈ میں کپتان ولیم پورٹر فیلڈ کےساتھ ساتھ اینڈریو بلبرنی، ایڈ جوائس، ٹائرون کین، اینڈی میک برائن، ٹم مرتاغ، کیون اوبرائن، نیل اوبرائن، بوائڈ رینکن، نیتھن سمتھ، پال سٹرلنگ، جیمز شینن، سٹورٹ تھامسن اور وکٹ کیپر گیری ولسن شامل ہیں۔
آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ کے بعد قومی ٹیم دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے انگلینڈ جائے گی جہاں پہلا ٹیسٹ 24مئی سے لارڈز جبکہ ہیڈنگلے یکم جون سے دوسرے ٹیسٹ میچ کی میزبانی کرے گا۔واضح رہے کہ آئر لینڈ کی ٹیم اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 11 سے 15 مئی تک ڈبلن میں پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔