ہاشمانیز میڈیکل فاؤنڈیشن 200 آنکھوں کے قرنیے ہر سال عطیہ منگوائے گی
کراچی ( ہیلتھ رپورٹر) ہاشمانیز میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن نے ورلڈ میمن آرگنائزیشن کی مدد سے سری لنکا آئی ڈونیشن سوسائٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا ہے جس کے تحت سوسائٹی ہر سال آنکھوں کے 200 قرنیے ہر سال عطیہ کرے گی جو فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں ضرورت مند مریضوں کو مفت لگائے جائیں گے۔ اس آپریشن کے عام طور پر اخراجات دو لاکھ روپے ہوتے ہیں تاہم ضرورت مندوں کویہ سہولت مفت فراہم کی جائے گی جس سے انہیں مکمل زندگی گزارنے کا ایک نیا موقع ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین ہاشمانیز میڈیکل اینڈ ویلفیئر فاؤنڈیشن مایہ ناز آئی سرجن ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے جمعہ کو ہاشمانیز اسپتال میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر سی ای او ہاشمانیز گروپ آف ہاسپیٹلز ارسلان ہاشمانی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ اب تک وہ قرنیے کی تبدیلی کے چھ آپریشن کامیابی سے کر چکے ہیں اور جلد مزید بھی کیے جائیں گے۔ ایسے مریضوں کے اخراجات مکمل طور پر فاؤنڈیشن کی جانب سے برداشت کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاشمانیز نے اپنے اسپتال کے قیام سے یہ قدم 70 کی دہائی میں اٹھایا تھا۔ ڈاکٹر شریف ہاشمانی نے بتایا کہ انہوں نے اسٹیٹ آف دی آرٹ آلات اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ایسے لاتعداد کامیاب آپریشن کیے ہیں جو اس سے پہلے پورے پاکستان میں کہیں نہیں کیے گئے۔