کے ایم سی اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ سست روی کا شکار
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) شہر کا مقبول ترین فٹبال مرکز کے ایم سی اسٹیڈیم کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ سست روی کا شکار ہوگیا۔6 ماہ قبل بلدیہ عظمیٰ کی جانب سے اسٹیڈیم کی مرمت اور تزئین آرائش کے سلسلے میں2 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی۔ تاہم کے ایم سی کے افسران کی عدم دلچسپی کی وجہ سے اس مدت میں صرف اسٹیڈیم کی نشستوں کی مرمت کی گئی اور وی آئی پی پویلین پر سن شیڈ کا ڈھانچہ تعمیر کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ پبلک ٹوائلٹ اور ڈریسنگ روم کی مرمت کی گئی جبکہ اسٹیڈیم کی چار دیواری‘ گراسی فیلڈ اور گراسی فیلڈ کے پانی کے سسٹم کی بحالی کا کام باقی ہے۔ ذرائع کے مطابق اسٹیڈیم میں تعمیری منصوبہ کی وجہ سے کراچی میں منعقدہ پی ایف ایف چیلنج کپ کے میچز کی میزبانی بھی ہاتھ سے چلی گئی۔ فٹبال حلقوں نے اسٹیڈیم کے جاری ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ جاری رہ سکے۔