میزان بینک اور آئی او بی ایم کے درمیان معاہدہ
کراچی (کامرس رپورٹر) میزان بینک نے معروف تعلیمی ادارے انسٹیٹیوٹ آف بزنس مینجمنٹ (IoBM) کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیئے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت آئی او بی ایم میں ایس ایم ای بینکنگ اورانٹرپنیورشپ میں ایم بی اے پروگرام متعارف کرایا جائے گا۔ معاہدے پر میزان بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان صدیقی اور آئی او بی ایم کے صدر طالب ایس کریم نے دستخظ کئے۔ اس موقع پر اسٹیٹ بینک کے ایڈیشنل ڈائریکٹر عرفان احمد بھی موجود تھے۔ میزان بینک نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کیلئے مشاورت اور تکنیکی خدمات فراہم کرنے کیلئے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کئے ہیں۔ آئی او بی ایم کے ساتھ معاہدہ سے اس اشتراک کو تعلیمی میدان تک وسعت دے دی گئی ہے۔