پاک ترک تاجر وصنعتکار زیادہ سے زیادہ رابطے استوار کرے
کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی میں ترکی کے قونصل جنرل تولگا یوساک ) (Tolga Ucakنے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو مشورہ دیاہے کہ وہ ترکی کے چیمبرز اور تاجر وصنعتکار برادری کے ساتھ زیادہ سے زیادہ رابطے استوار کرے ۔خاص طور پر ٹیکسٹائل کے شعبے میں تجارتی حجم کو بہتر بنانے کے لیے جدت پر توجہ دی جائے جبکہ دونوں ملکوںکو سیاحت کے فروغ کے لیے بھی اقدامات کرنے چاہیے۔کے سی سی آئی میں ایک اجلاس کے دوران انہوں نے کہاکہ کراچی چیمبراستنبول چیمبر آف کامرس کے ساتھ رابطوں کو مزید بہتر بنائے جو دونوں برادر ممالک کی تاجر برادریوں کے لیے فائدے مند ثابت ہوگا۔کے سی سی آئی زیادہ سے زیادہ تجارتی وفود ترکی بھیجنے کا اہتمام کرے جو دونوں ملکوں میں تجارت و سرمایہ کاری یقینی بنانے کے لیے راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔اجلاس میں کمرشل قونصلر ترکش قونصلیٹ مورات موستو، کے سی سی آئی کے صدر مفسر عطا ملک، سینئر نائب صدر عبدالباسط عبدالرزاق،نائب صدر ریحان حنیف اور منیجنگ کمیٹی کے اراکین بھی موجود تھے۔ترکش قونصل جنر ل نے کہاکہ پاکستان اور ترکی معشیت کے مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے تجربات سے فوائد حاصل کرسکتے ہیں ۔بزنس ٹو بزنس، عوام کے عوام سے رابطوں سے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارت کو فروغ حاصل ہوگا جبکہ طلبا کے باہمی تبادلوں کی بھی ضرور حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔ترکی کے طلبا پاکستان کی کئی بہترین یونیورسٹیوں اور کالجوں سے انگلش کی اچھی تعلیم حاصل کرسکتے ہیں۔انہوں نے کراچی اور ملک کے دیگر حصوں میں امن وامان کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ ترکی کے عوام کو کراچی کے بارے میں محفوظ اور سیاحت کے لیے لحاظ سے پرکشش شہر کے طور پر آگاہی فراہم کی جائے جس کے نتیجے میں یقینا ترکی سے مزید سیاحوں کی پاکستان آمد کی اُمید کی جاسکتی ہے۔