مشکل حالات میں کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر گورنر کا تاجروں کو خراج تحسین
کراچی (کامرس رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ کاروباری سرگرمیاں کسی بھی شہر یا ملک کی اقتصادی کارکردگی کو جانچنے کا پیمانہ ہوتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر الائنس آف مارکیٹ ایسوسی ایشنز کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس کی سربراہی الحاج حنیف طیب کررہے تھے۔ وفد میں الیاس میمن، انجم نثار، عبدالصمد خان، ہارون رشید، قاضی احمد کمال، شمیم احمد فرپو اور دیگر بھی شامل تھے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ مشکل ترین حالات میں شہر کی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے پر شہر کی تاجر برادری خراج تحسین کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء اور اس سے قبل کا مشکل دور گزر چکا ہے، اس کو کبھی بھی واپس نہیں آنے دیا جائے گا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی سیاسی عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی محنت کے باعث کراچی میں امن بحال ہوچکا ہے جسے قائم رکھنے کے لئے رینجرز صوبہ میں موجود رہے گی کیونکہ شہری اور خصوصاً کارباری برادری رینجرز کی تعیناتی جاری رکھنے کے حق میں ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ 2013ء میں حکومت کو اقتدار سنبھالنے میں امن و امان اور بجلی بحران جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑا جن کے باعث ملک کو شدید خطرات لاحق تھے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تعاون سے شروع کئے گئے آپریشن کے نتائج نہایت مثبت برآمد ہوئے اور دہشت گردی، بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغواء برائے تاوان جیسے گھنائونے جرائم کا خاتمہ عمل میں لایا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ امن و امان کے باعث شہری سماجی ، اقتصادی ، تفریحی، ثقافتی اور ادبی سرگرمیوں سے بھرپور انداز میں لطف اندوز ہورہے ہیں۔