گندم خریداری مہم الیکشن کے باوجود جاری رہیگی، ہدف پورا کرینگے: نجم سیٹھی
لاہور (خصوصی رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ پنجاب نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ عام انتخابات کے باوجود صوبے میں گندم خریداری مہم بھرپور طریقے سے جاری رہے گی۔ رواں سال گندم کی خریداری کا مقررہ کردہ ہدف 40 لاکھ میٹرک ٹن پوراکیا جائے گا۔ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا جائز اور معقول معاوضہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ باردانہ کے اجراءاور زائد وصولی گندم کی شکایات کے خاتمے کیلئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ کاشتکاروں کو باردانہ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر دیا جا رہا ہے۔ باردانہ کے اجراءمیں کسی قسم کی سفارش، اقرباءپروری اور بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔گندم کی خریداری مہم میں کسی قسم کی بدعنوانی یا رشوت خوری کی شکایت پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ کاشتکاروں کی شکایات کے ازالہ کیلئے ضلع، ڈویژن اور صوبائی سطح پر ٹال فری نمبر0800-13505اور0800-60606 فراہم کئے گئے ہیں۔ جہاں پر درج ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ نجم سیٹھی نے کاشتکاروں سے گندم 1200 روپے فی چالیس کلو گرام کے حساب سے خریدی جا رہی ہے۔ گندم کی قیمت کے علاوہ 7.50 روپے فی 100کلو گرام ڈلیوری چارجز بھی ادا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں قائم کئے گئے گندم کے 376خریداری مراکز پر ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن افسروں کے مقرر کردہ کوآرڈینیٹرزکاشتکاروں کو باردانہ کے اجراءاور ادائیگی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔ کاشتکاروں کی جائز شکایات کے ازالہ کیلئے ہر مرکز خریداری پر ایک مصالحتی کمیٹی مقررکی گئی ہے جس میں کاشتکاروں کا نمائندہ بھی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ باردانہ کا شتکاروں کو ”پہلے آئےے پہلے پائےے“ کی بنیاد پر جاری کیا جا رہا ہے-کاشتکاروں کو استحقاق کے مطابق 5 دنوں کے بعد دوبارہ باردانہ جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں اور 50 بوری تک باردانہ شخصی ضمانت پردیا جا رہاہے-50بوری تک خرید کردہ گندم کی فوری و نقد ادائیگی بذریعہ بنک کی جار ہی ہے جس کے لئے اکاﺅنٹ کا کھولنا ضروری نہیں۔ جن بنکوں میں کاشتکاروں کے اکاﺅنٹ پہلے سے کھلے ہوئے ہیں وہ ا پنا بل اسی بنک میں جمع کر وا سکتے ہیں-گندم کی رقم ان کے اکاﺅنٹ میں منتقل ہوجائے گی۔ سیکرٹری خوراک میجر (ر) اعظم سلیمان نے گندم خریداری مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کاشتکاروں میں اب تک 16 لاکھ سے زائد باردانہ تقسیم کیا جا چکا ہے اور ڈیڑھ لاکھ سے زائد کاشتکاروں سے گندم خریدی جا چکی ہے جبکہ اب تک کاشتکاروں کو 10ارب روپے سے زائد کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ دریں اثناءنگران وزیراعلیٰ نجم سیٹھی سے پاکستان کسان اتحاد پنجاب کے صدر خالد محمود کھوکھر کی قیادت میں وفدنے ملاقات کی اور کسانوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ نجم سیٹھی نے وفد سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا کسان محنتی اور جفاکش ہے اس کی محنت کا پورامعاوضہ یقینی بنایا جائے گا۔ میری ہمدردیاں کسانوں کے ساتھ ہیں، ان کے مسائل کے حل کے لئے ا پنا بھر پور کردار ادا کروںگا۔انہوںنے کہاکہ گنے کے کاشتکاروں کو ان کے جائز معاوضے کی ادائیگی یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریںگے۔ وزیراعلیٰ نے ڈویژنل کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔ پنجاب کے کسی علاقے سے باردانہ کے بارے کسانوں کی شکایت نہیں آنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ پنجاب میں لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کے لئے مخلصانہ کاوشیں کی جا رہی ہیں۔ بجلی کے بلوں پر سبسڈی کے بارے کاشتکاروں کی شکایات کے حوالے سے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔