کراچی (این این آئی) پیپلز پارٹی کے سرپرست اعلیٰ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تمام تر سازشوں کے باوجود پیپلز پارٹی 11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی اور منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو اس روز ہماری عوامی طاقت کا پتہ چل جائے گا۔11 مئی جمہوریت پسند جماعتوں کی فتح کا دن ہوگا۔ وہ یوسف رضا گیلانی اور راجہ پرویز اشرف سے ٹیلی فونک گفتگو کررہے تھے۔ اس رابطے کے دوران پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا احتساب کرنے کی باتیں کرنے والوں کا عوام 11 مئی کو اپنے ووٹوں سے احتساب کریں گے اور جیت کے نعرے لگانے والے اس بات کی فکر کریں کہ یہ دن ان کی شکست کا دن ثابت ہوگا اور اس دن عوام کی فتح ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ میں پیپلز پارٹی کے تمام رہنماﺅں سے لمحہ بہ لمحہ رابطے میں ہوں۔ پارٹی کے تمام امیدوار اپنی انتخابی مہم پر بھرپور توجہ دیں اور عوام سے رابطے میں رہیں۔ انہوں نے کہا کہ 11 مئی کے روز نہ شیر دھاڑے گا اور نہ ہی بلا ہوا میں لہرائے گا بلکہ صرف اور صرف ہر طرف عوام میں تیر کا نشان ہی نظر آئے گا۔
پراپیگنڈا کرنے والوں کو الیکشن کے روز ہماری عوامی طاقت کا پتہ چل جائے گا : بلاول
May 05, 2013