الیکشن میں کالے دھن سے ضمیر خریدنے والوں کا کڑا محاسبہ ضروری ہے: حافظ ادریس
لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی کے مرکزی راہ نما حافظ محمد ادریس نے جامع مسجد سید مودودی انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس جبر و گھٹن میں آج قوم سانس لے رہی ہے، اس کا علاج بابرکت اور ہمہ گیر اسلامی انقلاب ہے جس کی بہار پورے عالم اسلام میں آئی ہوئی ہے۔ لوگوں کو اپنے حقوق کی بھیک لٹیروں سے ہرگز نہیں مانگنی چاہیے، پیسے کے بل بوتے پر ووٹ خریدنے والوں کو بالکل مسترد کر دینا چاہیے۔ کالے دھن سے ضمیر خریدنے والوں کا کڑا محاسبہ ضروری ہے اور کوئی چور کسی چور اور ڈاکو کا کبھی محاسبہ نہیں کرسکتا۔ یہ این آر او قومی مجرموں کے درمیان مک مکا ہوتا ہے۔