”عمران قادیانی، یہودی لابی کے ایجنٹ ہیں انہیں ووٹ دینا حرام ہے: فضل الرحمن کا فتویٰ
ڈی آئی خان (آئی این پی + اے پی اے) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عمران خان کو ووٹ دینا شرعا حرام ہے۔ ہمیں یقین تھا کہ عمران خان یہودی اور قادیانی لابی کے ایجنٹ ہیں۔ علما نے قادیانی لابی کی ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد فتویٰ دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاملہ جے یو آئی کے ہاتھ سے نکل چکا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان مولانا سعید احمد عثمانی کے نام سے جعلی فتویٰ سامنے لائے جبکہ مولانا سعید عثمانی کا 2010ءمیں انتقال ہو چکا۔ ڈی آئی خان کے مختلف علاقوں میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عمران خان کے بچے گرجے میں آتے جاتے ہیں، وہ اپنے پانچ فٹ کے جسم پر اسلام نافذ نہ کر سکا ملک میں کیسے کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دوتہائی اکثریت والا چند ماہ بعد گالی بن جاتا ہے، پاکستان کسی سونامی اور دھماکوں کا متحمل نہیں، سیاسی کشمکش کے اس دور میں دین کی شمعیں جلانے والے علماءکرام موجود ہیں، حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بلوچستان میدان جنگ بنا ہوا ہے، عالمی طاقتیں بلوچستان میں موجود قدرتی وسائل اور اس کی جغرافیائی اہمیت کی وجہ سے وہاں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ہمارے حکمران بلوچستان کے مسئلہ کے حل میں سنجیدہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر بھٹو اور پرویز مشرف کے درمیان اپنے غلط فیصلوں اور کرپشن کو چھپانے کے لئے این آر او کا معاملہ طے کیا گیا جس میں آٹھ ہزار لوگوں نے فائدہ اٹھایا ان میں ایک شخس بھی جے یو آئی کا نہیں تھا، اسی طرح اصغر خان کیس میں جن جماعتوں نے پیسے لئے ان میں جے یو آئی شامل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں لوگوں نے ہمیں انتخابات کے بائیکاٹ کا مشورہ دیا مگر جے یو آئی کی اسمبلی میں موجودگی کی وجہ سے اسمبلی سے ایک بھی خلاف اسلام قانون منظور نہیں ہوا، انہوں نے کہا کہ قومیت اور لسانیت کو مذہبی نہیں بلکہ سیکولر جماعتیں فروغ دے رہی ہیں۔
فضل الرحمن