لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں بھارت آسٹریلیا کو 4 وکٹوں سے شکست دیکر پانچویں بار فائنل میں پہنچ گیا۔دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔آسٹریلوی ٹیم آخری اوور میں 264 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان سٹیو سمتھ نے 73 رنز کی اننگز کھیلی، ایلکس کیری نے 61 رنز بنائے اور اوپنر ٹریوس ہیڈ 39 رنز بناسکے۔ محمد شامی نے 3، جدیجہ اور ورون چکرورتھی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت نے 265 رنز کا ہدف 49 ویں اوور میں 6 وکٹوں پر پورا کرکے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ ویرات کوہلی نے 84 رنز کی اننگز کھیلی اور مین آف دی میچ قرار پائے۔شریاس ایئر 45 ‘ ہاردیک پانڈیا اور روہت شرما نے 28، 28 ، اکشر پٹیل 27 اور شبمن گل 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایڈم زمپا اور ناتھن ایلس نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارت پانچویں بار چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچا ہے۔ 2002 اور 2013 میں بھارت فاتح رہا تھا جبکہ 2000 اور 2017 میں اسے فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل آج نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کے درمیان آج قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائیگا۔ میچ دن دو بجے شروع ہوگا۔میگا ایونٹ کا فائنل 9مارچ کو دبئی میں کھیلا جائیگا۔
چیمپئنز ٹرافی ‘بھارت آسٹریلیا کو ہرا کرپانچویں بار فائنل میں پہنچ گیا
Mar 05, 2025