وزیراعظم رہوں یا نہ رہوں کرپٹ نظام اور چوروں کے خلاف میری جنگ جاری رہے گی: وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد( شاہزادانور فاروقی ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم رہوں یا نہ رہوں کرپٹ نظام اور چوروں کے خلاف میری جنگ جاری رہے گی .قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کیلئے جمعہ کی سہہ پہر پرائم منسٹرز ہائوس میں تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے اراکین پر مشتمل پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ کہ دوصورتیں ہیں کہ حکومت میں ہوں یا نہیں ہوں لیکن یہ پاکستان کی بقا کی جنگ ہے جو جاری رہے گی ۔انہوں نے اس موقع پر یہ بھی کہا کہ سینٹرز کے انتخاب کے موقع پر جو کچھ ہوا وہ فی الحال درگذر کرتا ہوں اور کسی کے خلاف انضباطی کارروائی نہیں ہوگی لیکن میں امید کرتا ہوں کہ اگر یہ غلطی تھی تو دھرائی نہیں جائے گی ۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کل میں نے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے جو بھی نتیجہ نکلے ایک بات طے ہے کہ میں ان ڈاکوؤں کو چھوڑوں گا نہیں ,یہ ملک لوٹنے والے ہیں ,مجھے ووٹ نہ مل سکا تو اپوزیشن میں بیٹھوں گا, میری حکومت بنی تو خزانہ خالی تھا, ہم نے بڑی محنت سے ملکی معیشت کو درست ڈگر پر ڈالا ہے, اڑہائی سال کے دوران بڑے بحران دیکھے ہیں اب لوگوں کو ریلیف دوں گا ,میری زندگی نشیب و فراز میں گذری ہے لیکن میں ملک لوٹنے والوں کو این آر او دے کر اپنے لئے آرام نہیں لے سکتا ,مقابلہ قوم کے مجرموں سے ہے, میں زندگی میں جب بھی جیتا میرے پائوں زمین پر رہے لیکن سابقہ حکمران لٹیرے اور فرعون بنے. وزیر اعظم نے کہا کہ وہ اپنے اتحادیوں کے شکر گزار ہیں کہ وہ سینٹ الیکشن میں میرے ساتھ کھڑے رہے ,وہ کل بھی میرے ساتھ ہوں گے, آج دل کر رہا ہے کہ اسی جگہ خیمہ لگاکر یہیں سے اسمبلی کا اجلاس ہو کیونکہ میں پیسے بنانے نہیں ایک خاص مقصد اور نظریہ لے کر سیاست اور اقتدار میں آیا اس لئے یہ سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ کل مجھے ووٹ دیں, میرے پاس چھانگا مانگا نہیں ۔آپ عوام کے نمائندے ہیں ,عوام نے پی ٹی آئی کو تبدیلی لانے اور سٹیٹس کو اور بار یوں کیلئے مک مکا کے خاتمہ کیلئے ووٹ دیا تھا ,اب ہم نے لوگوں کے لئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں. قبل ازیں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے وزیردفاع پرویز خٹک اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے خطاب کیا اور وزیر اعظم عمران خان کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا .پرویز خٹک نے پارلیمانی پارٹی کو اعتماد کے ووٹ کے طریقہ کا پر بریفنگ دی. اس موقع پر اراکین سے کہا گیا کہ کل صبح دس بجے پارلیمانی پارٹی کا اجلاس دوبارہ پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوگا تاکہ سب پارٹی اور اتحادی باجماعت ایوان میں داخل ہوں اور اپنے قائد عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دے کر مخالفین کے عزائم ناکام بنا دیں.اجلاس سے قبل وزیر دفاع پرویز خٹک نے ممبران اسمبلی سے رجسٹر پر دستخط لئے جو کہ 175 ممبران کی موجودگی کی تصدیق کرتے ہیں۔