جشنِ بہاراں اور لوک ورثہ میلہ 20 روزہ کرنے کا فیصلہ
ملتان( خبر نگار خصوصی)وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر جشنِ بہاراں اور لوک ورثہ میلہ کی تیاریاں جاری ہیں۔عوام کی دلچسپی بارے فیڈ بیک ملنے پر جشن بہاراں کے ایام بڑھا دیئے گئے اور اب یہ فیسٹیول 20 روز تک جاری رہے گا۔ مختلف محکموں سے تعلق رکھنے والے افسران نے قلعہ کہنہ قاسم باغ کے دورے شروع کر دیئے ہیں۔جشن بہاراں کی فوکل پرسن سبین گل اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی نے گزشتہ روز قلعے کا دورہ کیا۔سمال انڈسٹریز کی ریجنل ڈائریکٹر محترمہ عمارہ بھی انکے ہمراہ تھیں۔دورے کے موقع پر سٹالز،مختلف ایونٹس، پارکنگ ایریا کے لئے جگہ کا تعین کیا گیا۔سبین گل نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جشن بہاراں کو ملتان کا یادگار ایونٹ بنایا جائے گا۔کرونا وباء کے ڈپریشن سے چھٹکارہ حاصل کرنے کے لئے عوام کو تفریح کا بھر پور موقع فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی دلچسپی بارے ملنے والے فیڈ بیک کے بعد فیسٹیول کو بیس روزہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اب جشن بہاراں10 مارچ سے شروع ہوکر 30 مارچ تک جاری رہے گا۔خواتین اور بچوں کی دلچسپی کے لئے ڈریس شو اور پتلی تماشہ کے ایونٹس منعقد کئے جائیں گے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی نے اس موقع پر بتایا کہ یہ جنوبی پنجاب کا سب سے بڑا لوک ورثہ میلہ ہو گا۔لوک ورثہ میلہ کے پاپولر ایونٹس 14 اور 15 مارچ کو منعقد ہونگے۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر14 مارچ کو صوبہ بھر میں کلچر ڈے منایا جارہا ہے۔