واٹس ایپ میں 2020 کا پہلا بڑا فیچر ڈارک موڈ کی شکل میں تمام صارفین کے لیے متعارف کرادیا گیا ہے۔
یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس بیٹا ورژن میں جنوری سے موجود تھا اور اب کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ آئی فون اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ یہ وہ فیچر ہے جس کا صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا تھا۔یہ فیچر منگل کی رات سے صارفین کے لیے پیش ہوا ہے اور آئندہ چند روز میں تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیس بک کی زیرملکیت سروس استعمال کرنے والوں کی جانب سے اس فیچر کا سب سے زیادہ مطالبہ کیا جارہا ہے اور اتنی تاخیر سے اس کی آمد کچھ حیران کن ہے کیونکہ گوگل اور ایپل نے گزشتہ سال جو آپریٹنگ ورژنز پیش کیے تھے، اس میں فل ڈارک تھیم موجود تھی۔
تاہم اب یہ پیش کردیا گیا ہے اور کمپنی کے مطابق واٹس ایپ کا ڈراک موڈ کم روشنی والے ماحول میں آنکھوں پر تناﺅ کو کم کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جبکہ ایسی صورتحال سے بچانا ہے جہاں آپ کا فون کمرے کو روشن کردیا ہے۔