کراچی :ملک میں پولیو کے دو مزید نئے کیس سامنے آگئے ہیں ، صوبہ سندھ کے ضلع شکار پور جبکہ بلوچستان کے ضلع صحبت پور میں پولیو وائرس کے ایک ایک کیس کی تصدیق ہوئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو وائرس کے دو مزید کیس رپورٹ ہوئے ہیں، شکار پور میں ڈھائی سال کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) کے مطابق 15 دن پہلے ڈھائی سال کی بچی کے خون کے نمونے اسلام آباد بھیجے گئے تھے اور اس کے نتائج سے معلوم ہوا ہے کہ وہ پولیو وائرس سے متاثر ہے۔ متاثرہ بچی کے والد کا کہنا ہے کہ اسے باقاعدگی سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے تھے۔
دوسری جانب بلوچستان میں صحبت پور کے رہائشی 7 سالہ بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق بچے کو والدین نے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے سے انکار کیا تھا۔ بلوچستان میں رواں سال اب تک پولیو کے 4 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سندھ میں پولیو کا یہ 8 واں کیس رپورٹ ہوا ہے ۔
یاد رہے کہ 2020 میں پنجاب میں پولیو کیسز کی کل تعداد 10 سے زیادہ ہوگئی ہےجبکہ ملک بھر میں سال 2019۔ 2020 میں پولیوکیسز کی تعداد 140 ہو گئی ہے ۔
واضح رہے کہ پولیو کے خاتمے کی عالمی مہم 1988 میں شروع ہوئی تھی اب دنیا سےیہ بیماری خاتمے کے قریب ہے۔ بدقسمتی سے پاکستان پولیو وائرس سے متاثرہ افغانستان اور نائیجیریا کے ساتھ دنیا کے صرف تین ممالک میں سے ایک ہے۔ نائیجیریا میں گزشتہ تین سال سے کوئی نیا کیس سامنے نہیں ہےجس کے بعد اسے پولیو سے پاک ملک کے طور پر جلد ہی تصدیق کردی جائے گی۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024