کراچی: میگا منی لانڈرنگ کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری آج عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے جب کہ ان کی ہمشیرہ فریال تالپور ضمانت میں توسیع کے لیے بینکنگ کورٹ پہنچ گئیں۔
آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانت قبل از گرفتاری کی مدت آج ختم ہو رہی ہے جس کے پیش نظر انہیں آج عدالت میں پیش ہونا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے باعث آج عدالت میں پیش نہیں ہوں گے۔ ان کے وکیل کی جانب سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی جائے گی۔مقدمے میں شریک ملزمان حسین لوائی، عبدالغنی مجید اڈیالہ جیل میں ہیں جب کہ تفتیشی افسر کیس میں پیشرفت سے عدالت کو آگاہ کریں گے۔ تفتیشی افسر مفرور ملزمان کی گرفتاری سے متعلق رپورٹ جمع کرائیں گے۔
یاد رہے کہ مقدمے میں آصف زرداری، فریالپور، انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی نامزد ہیں جن پر جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔
مقدمے میں آصف زرداری، فریال تالپور، انور مجید کے بیٹے نمر مجید، ذوالقرنین اور علی مجید عبوری ضمانت پر ہیں جب کہ انور مجید، عبدالغنی مجید، حسین لوائی، اور طحہ رضا گرفتار ہیں۔