آنے والا وقت بھی مسلم لیگ ن کا ہی ہوگا: منشاء اللہ بٹ
لاہور(خبر نگار)صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے سینٹ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹر کے لئے منتخب ہونے والے تمام کامیاب امیدواراوں کو اپنی تہہ دل مبارک باد دی ہے اور کہا ہے کہ نومنتخب سینیٹرز اپنی علم و دانش مندی سے پاکستان کو ترقی کی انتہائی منزل کی طرف لے کر جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی لیڈر شپ میں پنجاب نے جس طرح سے ترقی کا عمل طے کیا ہے وہ تاریخ میں سنہری الفاظ سے لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے تیزی سے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں اپنا مقام بنانا شروع کر دیا ہے جس پر دنیا حیران ہو گئی ہے۔ ہمارے ارد گرد کے ممالک بھی اس کی تیز رفتار ترقی سے خائف ہیں۔دنیا نے تسلیم کر لیا ہے کہ 2018ء کا پاکستان مضبوط ،مستحکم، پر امن اور روشن ملک ہے۔عوامی خدمت کے مشن کو عوامی منتخب بلدیاتی نمائندوں کے ذریعے تیزی سے پروان چڑھایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر اعتراف کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں امن و امان بحا ل ہوا ہے اور اور معاشی صورت حال میں بہتری آئی ہے ا ور آنے والا وقت بھی پاکستان مسلم لیگ ن کا ہی ہو گا۔مسلم لیگ نے ہر قدم اور ہر موڑ پر ثابت کیاہے کہ وہ ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے۔