پاکستان سپر لیگ: اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست کا مزہ چکھا دیا
شارجہ(نمائندہ سپورٹس)پاکستان سپر لیگ تھری کے 15 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز سے ایونٹ میں ناقابل شکست رہنے کا اعزاز چھین لیا۔مصباح الحق الیون نے 154رنز کا ہدف 17 اعشاریہ2 اوورز میں 2 وکٹ پر حاصل کرکے ایونٹ میں تیسری فتح اپنے نام کرلی، اس شکست کے ساتھ ہی کراچی کنگز نے پوائنٹس ٹیبل پر موجود پہلی پوزیشن بھی کھودی ، جواب ملتان سلطانز کو مل گئی ہے۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے تجربہ کار کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔عماد وسیم الیون نے مقررہ 20 اوور میں 6 کے نقصان پر 153 رنز بنائے،اننگز کی خاص بات بابر اعظم 55، خرم منظور 51 اور محمد رضوان 21رنز ناٹ آئوٹ بیٹنگ رہی۔154 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مصباح الحق الیون کی اننگز کا آغاز لیوک رونچی اور جین پال ڈومینی نے کیا،دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں طرف کئی خوبصورت اسٹروک کھیلے۔دونوں کھلاڑیوں نے ابتدائی 10 اوور میں 9 اعشاریہ 8 کی اوسط سے بیٹنگ کرتے ہوئے 98 رنز بنائے، اس دوران لیوک رونچی نے اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ 104 کے اسکور پر گرگئی، 37 گیندوں پر 3 چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 71رنز بنانے والے لیوک رونچی کا محمد عرفان جونیئر نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا۔کراچی کنگز کو دوسری وکٹ 3 1رنز بعد ہی مل گئی، محمد عامر نے حسین طلعت کو 117 کے اسکور پر بولڈ کردیا، انہوں نے ایک چوکے کی مدد سے 8رنز بنائے تھے۔دوسرے اینڈ پر کھڑے اوپنر جین پال ڈومینی نے نئے آنے والے بیٹسمین آصف علی کو کھل کر اسٹروک کھیلنے دیے،جس نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 16 گیندوں پر 1چھکے اور 3چوکوں کی مدد سے 26رنز بنائے۔ڈومینی نے بھی کراچی کنگز کے بائولرز کو بائونڈری لائن کا راستہ دکھاتے رہے ، انہوں نے بھی ناقابل شکست رہتے ہوئے 44 گیندوں پر 43رنز کی اننگز کھیلی ، اس دوران انہوں نے 5چوکے بھی لگائے۔اسلام آباد کی طرف سے 71رنز کی دلکش اننگز کھیلنے والی لیوک رونچی کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔کراچی کی طرف سے محمد عامر اور محمد عرفان جونیئرز نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی ان کے علاوہ کوئی اور بائولر خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہر کرنے میں ناکام رہا۔پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن کھونے والی کراچی کنگز کی ٹیم اب دوسرے نمبر ، پشاور زلمی اور آج کے میچ کی فاتح ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ نے بالترتیب تیسری اور چوتھی پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔