حکمران و سیاستدان دہشتگردوں کو اپنے بچے کہنے والوں سے بچیں،قمرزیدی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی)تحریک نفاذ فقہ جعفریہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہا ہے کہ پاک فوج آپریشن ردالفسا د کے ذریعے دہشتگردوں کیخلاف مصروفِ جہادہے ،جانیں قربان کرنیوالے سپو ت لائق سلام ہیں،حیدر آباد میںبھارتی فنڈنگ سے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے رینجرز کو نشانہ بنانیوالے گروہ کی گرفتاری بڑی کامیابی ہے ،حکومت ابھی تک نیشنل ایکشن پلان کی تمام شقوں پر عملدرآمد کے بارے میں مصلحت پسندی کا شکار ہے،مخصوص لابیاں آپریشن میں روڑے اٹکا رہی ہیں،حکمران و سیاستدان کالعدم گروپوں اور دہشتگردوں کو اپنے بچے کہنے والوں سے بچیںجن سے قوم بیزار ہے،یزیدیت دہشتگردی کی علامت اور حسینیت ؑامن کی ضمانت ہے ۔اس امر کا اظہار انہوں نے باب العلم اکیڈمی میں مجلس فروغ حسینیت پاکستان کے زیراہتمام اتوار کو پاکستان عزم عالی شان کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس سے ماہر تعلیم پروفیسر غلام عباس حیدری،ڈاکٹر اے آر کاظمی،انجینئر علی عباس عابدی،علامہ سید قلب عباس بخاری اور حمزہ علی نے بھی خطاب کیا۔ باب العلم اکیڈمی کے صدر ذوالفقار علی چوہدری نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔