سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پولٹری ایسوسی ایشن مزید بہتر کام کریگی
راولپنڈی( اپنے سٹاف رپورٹرسے) پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر محمد اسلم نے کہا ہے کہ مرغی کے گوشت میں خرابی نہ ہونا خوش آئند بات ہے اور مرغی کے گوشت میں کسی قسم کے کوئی جراثیم نہیں پائے گئے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کیس میں عدالت عظمی ٰ کی طرف سے جاری ریمارکس پر اپنے بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں پولٹری ایسوسی ایشن مزید بہتر کام کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پولٹری انڈسٹری پاکستان کی صف اول کی انڈسٹری ہے جس سے لاکھوں افرا د کا روزگار وابستہ ہے اور اس سیکٹر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔ پولٹری کے بارے میں افواہوں اور بے بنیاد خبروں سے اس سیکٹر کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے جس سے براہ راست چھوٹا فارمر متاثر ہوتاہے۔ عدالت عظمی کی طرف سے اس سلسلے میں لئے گئے از خود نوٹس کے جواب میں حقائق سامنے آ رہے ہیں جوکہ خوش آئندبات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ کوئی ایسا کام نہیں ہو گا جو انسانی زندگی کیلئے نقصان دہ ہو ۔