مریم نواز کا جلسہ راجہ بازار میں کرنے کا اعلان اعتراف شکست ہے
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ)عوامی مسلم لیگ کے رہنما اور سابق ناظم راول ٹاؤن شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ حنیف عباسی کی طرف سے مریم نواز کا جلسہ لیاقت باغ کی بجائے راجہ بازارمیں کرنے کا اعلان اعتراف شکست اور مسلم لیگ (ن) کی عدم مقبولیت کا مظہر ہے۔ لیاقت باغ کو بھرنا مسلم لیگ ن کا نہیں بلکہ عمران خان اور شیخ رشید احمد کا کام ہے جنہوں نے شدید بارش میں یوم آزادی پر انتہائی کامیاب جلسہ کر دکھایا تھا جبکہ مسلم لیگ ن کو یوم آزادی پر جلسہ کرنے کی جرات ہی نہیں ہوئی تھی۔ نوائے وقت سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لیاقت باغ اور راجہ بازار میں جلسے کا موازنہ نہیں کیا جاسکتا۔ راجہ بازار کو دو ہزار کرسیاں لگا کر بھرا جاسکتا ہے جبکہ ہفتہ اور اتوار کو راجہ بازار میں ضلع بھر سے خریداری کے لئے لوگ آتے ہیں۔میئر راولپنڈی و سینیٹر دو ایم این اے تین ایم پی اے 60 یو سی چیئرمین اور 23ممبران کنٹونمنٹ بورڈ مل کر بھی لیاقت باغ نہیں بھر سکتے تو پھر مسلم لیگ ن کو راجہ بازار کا ہی رخ کرنا تھا اسی طرح مریم نواز کے جلسے سے پہلے ہی مسلم لیگ ن کی مقبولیت کی قلعی کھل گئی ہے۔