جنرل ہسپتال میں دو مریضوں کے گردوں کی کامیاب پیوند کاری
لاہور(کامرس رپورٹر)جنرل ہسپتال میں دو مریضوں کے گردوں کی کامیاب پیوند کاری کی گئی ہے۔ ان دونوں مریضوں کے لاہور جنرل ہسپتال میں پروفیسر آف یورالوجی ڈاکٹر محمد نذیر کی سربراہی میں کامیاب پیوند کاری ہوئی ،پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے آپریشن میں شامل تمام ڈاکٹروں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے کہا کہ طب کے میدان میں نئی جدت آنے سے مریضوں کو علاج معالجہ کی جدید اور معیاری سہولیات سرکاری ہسپتالوں میں میسر آنا شروع ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ڈاکٹروں ، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف پر فخر ہے جو مریضوں کو جدید طریقہ علاج متعارف کرانے کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بہاولنگر سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ محمد نذیر کو اس کی 35 سالہ اہلیہ رضیہ نے اور گوجرانوالہ کی رہائشی 23سالہ صوبیہ کو اس کے بھائی 33 سالہ ندیم نے گردے کا عطیہ دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رضیہ نے کہا کہ اسے اپنے مجازی خدا کو گردہ عطیہ کر کے دلی خوشی ہوئی ہے لیکن ندیم نے اپنے جسم کا قیمتی حصہ دے کر مجھے نئی سانسیں عطا کیں ہیں جو قابل تقلید مثال ہے۔ دونوں مریضوں نے اللہ کے حضور سجدہ شکر بجا لانے کے ساتھ ساتھ ہسپتال انتظامیہ اور معالجین کو بھی دعائیں دیں۔گردوں کی اس پیوند کاری کے دونوں کیسوں کی ٹیم میں اسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر شاہ جہاں ، ڈاکٹر کامران زیدی ،ڈاکٹر اعجاز صدیق ،ڈاکٹر سہیل حسن ,ڈاکٹر قمر زمان اور ڈاکٹر محمد شاہد شامل تھے۔