ایم کیو ایم ایک برین ٹیومر ہے، کاٹے بغیر اسکا علاج نہیں ہوگا: مصطفی کمال
کراچی(صباح نیوز + نوائے وقت رپورٹ) پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے الزام لگایا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں کھلے عام خرید و فروخت ہوئی۔ ہمیں خریدنے کیلئے بھی بہت سی پیشکش ہوئیں، اردوبولنے والے شکرکریں کہ ایم کیوایم کے 4 میں سے 3 امیدوارمنتخب نہیں ہوئے، ایم کیوایم ایک برین ٹیومرکی طرح ہے جس کا علاج پیناڈول سے نہیں ہوگا۔ جب تک اس ٹیومر کو کاٹا نہیں جائے گا تو اس کا علاج نہیں ہوگا۔ کل سینٹ الیکشن میں ایم کیو ایم نے مہاجر قوم کا ووٹ بیچا ہے اور ایم کیو ایم کے 14 لوگ بکے ہیں کیوں کہ ان لوگوں نے اپنے لیڈروں کو بکتے دیکھا ہے جب رحمان ملک کی ایک کال اور ایک بریف کیس سے معاملات طے ہوتے تھے۔ ایم کیوایم پاکستان کو بڑی مشکل سے ایک نشست ملی اور ایم کیو ایم کی خواتین نے جھوٹ بولا کہ کامران ٹیسوری کی وجہ سے غصے میں پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا۔ مصطفی کمال نے کہا کہ فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے جو راستہ اپنایا ہے وہ غلط ہے۔ دونوں کو دعوت دیتا ہوں میرے بازو کھلے ہیں، اگر ہم ایک نہ ہوئے تو پھر کراچی میں خون خرابہ ہوگا۔
مصطفی کمال