افغانستان میں دہشت گرد تنظیم داعش کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا
کابل(آئی این پی)افغانستان میں دہشت گرد تنظیم داعش کے 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ افغان میڈیاکے مطابق شمالی صوبے جزجان کی تحصیل درزاب میں دہشت گرد تنظیم داعش کے خلاف آپریشن کیا گیا۔جزجان کے گورنر دفتر کے ترجمان رضا غفوری نے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے درزاب کے علاقوں کزل کشلاک اور ہوجا آشکارہ میں داعش کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا ہے۔غفوری کے مطابق آپریشن میں 2 علاقائی سربراہ دہشت گردوں سمیت داعش کے کل 13 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے جبکہ 5 زخمی ہو گئے ہیں۔ترجمان غفوری کے مطابق جھڑپوں میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے بھی ایک محافظ ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔کابل میں ہیلی کاپٹر گرنے سے 5افراد زخمی ہوگئے، زخمی ہونے والے تمام افراد کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ غیرملکی تھے۔ افغان سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ اتوار کی سہ پہر پیش آیا جب ایک ہیلی کاپٹر کابل کی ملٹری اکیڈمی کے اندر گر گیا۔ زخمیوںکی قومیت نہیں بتائی گئی۔ بین الاقوامی فورس کے ترجمان ٹام گریس بیک نے کہا کہ حادثے کا شکار ہیلی کاپٹر نیٹو‘ امریکی فوج کا نہیں تھا۔ مشرقی ننگرہار میں آپریشن کے دوران 21راکٹ پکڑے گئے۔ ادھر خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے ترجمان نے دعویٰ کیا کابل مسجد پر حملے میں ملوث داعش کے 2سینئر ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔ نام احسان اللہ اور عبدالہادی بتائے جاتے ہیں۔ دونوںنے متعدد دہشتگردانہ حملوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
افغانستان‘ آپریشن