گوجرانوالہ: ہائی وولٹیج تار سے کرنٹ لگنے سے 2 بچے جاں بحق، ورثا کا احتجاج
گوجرانوالہ/ قلعہ دیدار سنگھ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) چھت سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے کرنٹ لگنے سے دوکمسن بچے جاں بحق ہوگئے۔ غم سے نڈھال لواحقین نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی، مظاہرین کی گیپکو کیخلاف شدید نعرے بازی، احتجاج سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ عمر کالونی کے افضل کا کمسن بیٹا سلمان اپنے کزن فرحان کے ساتھ گھر کی چھت پر کھیل رہا تھا کہ چھت کے اوپر سے گزرنے والی ہائی وولٹیج تاروں سے انہیں کرنٹ لگ گیا، جس کے نتیجے بری طرح جھلسنے والے بچوں کو ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد بچے جان کی بازی ہار گئے۔ افسوسناک واقعہ پر خوشیوں بھرے گھر میں قیامت برپا ہو گئی، والدین کو غشی کے دورے پڑتے رہے، بعدازاں غم سے نڈھال لواحقین نے ملہی چوک پر ٹائروں کو جلاکر روڈ بلاک کر دی۔ واقعہ کی اطلا ع پا کر پو لیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی۔ انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔
بچے/ کرنٹ جاں بحق