سینیٹ کے بعد عام انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے : شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے 22 کروڑ عوام جھوٹ اور الزام تراشی کی منفی سیاست پسند نہیں کرتے۔ وہ ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ 2018ء کے انتخابات میں عوام ترقی اور خوشحالی کو ووٹ دیں گے۔ جھوٹ اور الزام تراشی کی سیاست اپنی موت آپ مر جائے گی۔ پاکستان کی ترقی کا سفر جاری ہے اور جاری رہے گا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ترقی اور خوشحالی عوام کا حق ہے جسے کوئی روک نہیں سکتا۔ ترقی کے سفر میں حائل ہونے والوں نے دراصل عوام کے ساتھ دشمنی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں ہو سکتی۔ عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کی ہے۔ قوم اور ملک کیلئے آخری سانس بھی وقف ہے۔ آج کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ پُرامن اور ترقی یافتہ ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی متوازن پالیسیوں کے باعث پاکستان خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کو کامیابی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔ توانائی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے پوری دنیا حیران ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شفافیت اور معیار کو نہ صرف ملکی ادارے بلکہ غیرملکی ادارے بھی تسلیم کرتے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے۔ لیگی قیادت عوام کے دلوں میں گھر چکی ہے۔ سینٹ کے انتخابات کے بعد انشاء اللہ عام انتخابات بھی بھاری اکثریت سے جیتیں گے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے دوبارہ برسراقتدار آکر مزید میگا پراجیکٹ لائیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے علالت کے باعث دیپالپور کا جلسہ ملتوی کر دیا۔
شہبازشریف