پی پی30 سرگودھا: لیگی امیدوار نے شیر نشان کے بغیر بھی معرکہ مار لیا‘ تحریک انصاف کو شکست
سرگودھا+ بھلوال+ پھلروان (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) پی پی 30 سرگودھا کا ضمنی الیکشن مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار یاسر ظفر سندھو نے 19 ہزار سے زائد ووٹوں کی واضح اکثریت سے جیت لیا۔ واضح رہے کہ لیگی امیدوار سے نواز شریف کی نااہلی کے بعد شیر کا نشان واپس لے لیا گیا تھا اور انہوں نے پک اپ کے نشان پر ووٹ لڑا۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق انہوں نے تمام 137 پولنگ سٹیشنوں کے نتائج کے مطابق 42736 ووٹ حاصل کئے تھے جبکہ انکے مدمقابل پی ٹی آئی کے امیدوار رائو ساجد محمود 23586 ووٹ حاصل کرسکے۔ لیگی امیدوار کی جیت پر کارکنوں نے جشن منایا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔ قبل ازیں ضمنی الیکشن میں تقریباً تمام پولنگ بوتھ پر 8 بجے پولنگ شروع نہ ہو سکی، عملہ لیٹ ہونے کے باعث پولنگ نو بجے شروع ہوئی، وقت گزرنے کے ساتھ ووٹروں کا رش بڑھتا گیا۔ پھلروان اور گردونواح میں چند مقامات پر معمولی تلخ کلامی کے واقعات ہوئے۔ ہر پولنگ سٹیشن پر پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی تھی۔ معذور، عمر رسیدہ اور بیمار لوگوں نے بھی ووٹ کاسٹ کئے۔ پولنگ کے دوران حالات پرامن رہے۔ ڈی پی او سرگودھا محمد سہیل چوہدری نے ضمنی الیکشن کے موقع پر مختلف پولنگ سٹیشنوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 1500سے زائد پولیس اہلکار امن عامہ کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لئے تعینات کئے گئے۔ رزلٹ آنے پر لیگی کارکن ہزاروں کی تعداد میں سڑکوں پر آ گئے اور شیراک واری فیرکے نعرے لگاتے ہوئے پورے شہر کا چکر لگایا، آتش بازی اورگولے چھوڑے گئے اور کرکٹ بیٹ رکھ کر آگ لگا دی گئی۔ اس موقع پر ایک 8 سالہ لڑکا جھلس گیا جسے فوری طبی امداد دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے حمایتی گروپ کو ہرانے کیلئے ندیم افضل چن، وسیم افضل چن، حسن انعام پراچہ، ہرل و دیگر با اثر گروپوں نے پورا زور لگایا۔ یہ سیٹ مسلم لیگ (ن) کے ممبر صوبائی اسمبلی طاہر سندھو کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔ یاسر ظفر سندھو نے کہا ہے کہ اپنی جیت میاں نوازشریف کے نام کرتا ہوں۔ یہ مسلم لیگ ن کا مینڈیٹ ہی تھا، عام انتخابات میں بھی کامیابی برقرار رکھیں گے۔ دوسری طرف وزیراعلیٰ شہبازشریف نے یاسر ظفر کو جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے سرگودھا میں جیت پر کہا ہے کہ پارٹی اور شیر کا نشان چھین کر بھی مسلم لیگ ن کی فتح کو نہ روکا جاسکا، شیرو! سرگودھا ضمنی الیکشن میں کامیابی مبارک ہو۔