وزیراعظم شاہد خاقان 9 مارچ کو گلگت کا ایک روزہ دورہ کرینگے
گلگت (نامہ نگار) وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی9 مارچ کو ایک روزہ دورے پر گلگت آئیں گے۔ وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کا یہ گلگت کا پہلا دورہ ہوگا۔ وزیراعظم سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان 9 مارچ کو ایک روزہ دورے پر گلگت آئیں گے یہاں سے گلگت کے خوبصورت سیاحتی مقام نلتر بھی جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان اپنے دورہ گلگت میں گلگت بلتستان کو دی جانے والی آئینی اصلاحات پیکج کا بھی اعلان کرینگے ۔وزیر اعظم پاکستان نے 9مارچ سے قبل گلگت بلتستان کی آئینی اصلاحات پیکج کی سفارشات جمع کرنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان جگلوٹ سکردو روڈ ،نلتر16میگاواٹ ،نلتر روڈ سمیت دیگر اہم منصوبوں کا افتتاح بھی کرینگے ۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کے حکم پر رینجرز، پولیس،جی بی سکائوٹس سمیت کئی محکموں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
وزیراعظم/ گلگت