سینیٹ کے ’’ووٹوں‘‘ میں ’’نوٹوں‘‘ کی خوشبو بسی ہوئی تھی‘ حافظ حسین احمد
جیکب آباد (اے این این) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات و سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ سینٹ انتخابات کے انعقاد کے باوجود بے یقینی کی فضا برقرار ہے، خرید و فروخت کے الزامات کے باوجود لگتا ہے کہ بابا رحمتے کی ’’ازخود‘‘ نظر کرم نہیں پڑے گی لیکن متاثر سیاسی رہنما بابے رحمتے کی پنچائت میںفریاد لے کر جاسکتے ہیں اگر شنوائی ہوئی تو عدالتی نااہلیت کے حامل شخصیت کے نامزد ’’زد‘‘ میں آسکتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ راولپنڈی کے شیخ رشید نے سینٹ کے نامزدگی فارم کے حوالے سے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے اور غالباً اسی وجہ سے اسحاق ڈار بھی منتخب ہوئے ہیں ، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور کے پی کے میں جے یو آئی کا ایک ایک امیدوار کا منتخب ہونا بھی ہمیں معجزہ لگتا ہے کیوں کہ انتخابات میں دوا دینے والے بھی دعا کرنے لگے تھے اب سینٹ چیئرمین کے لیے بھی دوا اور دعا کا عمل جاری ہے ، انہوں نے کہا کہ سینٹ کے ’’ووٹوں‘‘ میں ’’نوٹوں‘‘کی خوشبو بسی ہوئی تھی لیکن یہ سب کچھ بابے رحمتے کو نظر نہیں آرہا ، عمران خان کے ووٹ نہ ڈالنے پر ہمیں شکوے کاحق نہیں جن کو انہوں نے کھڑا کیا تھا وہ اپنے کھڑے کئے امیدواروں کو ووٹ دینے نہیں گئے عمران خان نے اپنے امیدواروں کو بھی شیخ رشید کی طرح نظر انداز کیا ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ وہی ہوا کہ ’’لڑتے لڑتے ہوگئے گم، ایک کی چونچ ایک کی دم‘‘ سینٹ چیئرمین کون بنے گا کہ سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینٹ کوئی سینیٹر ہی بنے گا اس سے پہلے ادارے کی خیر منائی جائے اس کے بعد یہ معاملات بھی طے ہونگے ۔
حافظ حسین احمد