نواز شریف کے بیانیے نے مسلم لیگ ن کے قلعہ پنجاب میں دراڑ ڈال دی: طاہر القادری
لاہور (این این آئی) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے نے مسلم لیگ (ن) کے قلعہ پنجاب میں دراڑ ڈال دی۔ جلد کرپشن، سازش کے اینٹ گارے سے بنی ہوئی یہ سیاسی عمارت ملبے کا ڈھیر بنے گی۔ بلوچستان، سندھ، خیبر پی کے میں سیاسی اجنبی نواز شریف کا ''مجھے کیوں نکالا'' کا بیانیہ پٹ چکا۔ چیئرمین سینٹ کا الیکشن آئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے مطابق ہوا تو مسلم لیگ ن شکست کھائے گی۔ سینٹ الیکشن میں کروڑوں سے بھاؤ شروع ہوا جو چئیرمین سینٹ کے لئے اربوں تک جائے گا، پہلی بار فیصلہ آزاد امیدوار کریں گے۔ سینٹ کا برتر آئینی ادارہ ریاست کے تمام ستونوں کے درمیان توازن کیلئے قائم کیا گیا تھا مگر افسوس اسے کھرب پتیوں کا گپ شپ کلب بنائے جانے کی کوششیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں الیکشن کمشن کا کردار ہمیشہ کی طرح ایک اپاہج والا رہاجو الیکشن بھی اس نظام اور اس ساخت کے الیکشن کمشن کے تحت ہوگا نااہل، قاتل، ٹیکس چور جیت کر آئیں گے اور حکومت بنائیں گے۔ الیکشن کمشن کے موجودہ ذمہ داران نے ادارے کو موثر، آزاد خود مختاربنانے کی بجائے مصلحت خاموشی اور عافیت سے کام لیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2013 میں انتخابی اصلاحات آئینی الیکشن کمشن کی تشکیل کے لئے لاہور سے اسلام آباد لانگ مارچ کیا تھا اور کہا تھا انتخابی نظام کو آئین کے تابع کرنا ہوگا حقیقی جمہوریت لانے اور پارلیمنٹ میں عوام کے اصلی نمائندے بٹھانے کے لئے اول تا آخر انتخابی نظام العمل کو بدلنا ہو گا۔
طاہر القادری