پی ایس ایل میں ناقابل شکست رہنے والی کراچی کنگز اسلام آباد یونائیٹڈ کے سامنے ڈھیر
کراچی (مانیٹرنگ نیوز) پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں ناقابل شکست رہنے والی کراچی کنگز کو پہلی شکست کا سامنا کرنا پڑ گیا، ان کی جانب سے 154 رنز کا ہدف اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 17.2 اوورز میں ہی پورا کر لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 154 رنز کے ہدف میں لیو ک رانچی اور جے پی ڈومینی کو میدان میں اتارا دونوں نے اپنے بہترین تجربے اور ذمہ دارانہ بلے بازی سے ٹیم کے مجموعے کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ لیوک رانچی نے 23 گیندوں پر تیز ترین ففٹی مکمل کی اور 37 گیندوں پر 71 رنز بنانے کے بعد محمد عرفان کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہو گئے ان کی اننگ میں 3 چھکے اور 10 چوکے شامل ہیں۔ اس کے بعد حسین طلعت 8 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹے تاہم ڈومینی نے آصف علی کے ساتھ مل کر اپنی ٹیم کو کامیابی دلا دی جہنوں نے بالترتیب 43 اور 26 رنز بنائے۔ اس سے قبل شارجہ میں کھیلے جانے والے اس میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بائولنگ کا فیصلہ کیا جو دوسرے اوور تک ٹھیک لگ رہا تھا جب اسلام آباد کے اوپنر بلے بازڈینلی 4 رنز بنانے کے بعد محمد سمیع کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے اس کے بعد خرم منظور اور بابر اعظم نے 101 رنز کی شراکت داری کی بدولت اپنی ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا تاہم خرم 41 گیندوں پر 51 رنز بنانے کے بعد فہیم اشرف کا شکار بنے اس سے اگلے ہی اوور میں انگرام بھی سنبھل نہ پائے اور وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے‘ 118 کے مجموعے پر بابر اعظم بھی 55 رنز بنانے کے بعد ایک لمبی شارٹ کھیلنے کے چکر میں کیچ تھما بیٹھے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم بھی قابل ذکر کارکردگی میں ناکام رہے اور 10 رنز بنانے کے بعد فہیم کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز بنائے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فہیم اشرف نے 3 جبکہ محمد سمیع اور حسین طلعت نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ آج پی ایس ایل میں کوئی میچ نہیں کھیلا جائے گا جبکہ 6 مارچ کو پشاور زلمی اور ملتان سلطانز مدمقابل ہوں گے یہ میچ دبئی میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجے کھیلا جائے گا۔
کراچی کنگزڈھیر