الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس، نااہل شخص فیصلے کا جائزہ لیا جائے گا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ + نوائے وقت رپورٹ) الیکشن کمیشن کا آج اہم اجلاس ہوگا جس میں مسلم لیگ (ن) کے پارٹی عہدیداروں کی قانونی حیثیت کا جائزہ لینے کے ساتھ این اے 154 لودھراں اور پی پی 20 چکوال سے مسلم لیگ کے منتخب ارکان اسمبلی کی قانونی حیثیت کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ اجلاس میں نااہل شخص کے پارٹی صدارت کے حوالے سے سپریم کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے اثرات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ علاوہ ازیں الیکشن کمشن نے سینٹ انتخابات کے سرکاری نتائج کااعلان کردیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں نے مرکز اور پنجاب میں سب سے زیادہ جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی نے سندھ اور پاکستان تحریک انصاف نے خیبر پی کے سے زیادہ نشستیں حاصل کیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے 15 پیپلز پارٹی نے 12 پاکستان تحریک انصاف نے6، نیشنل پارٹی اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی نے دو، دو جبکہ جمعیت علمائے اسلام ف، جماعت اسلامی، ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان مسلم لیگ فنکشنل نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔ سینٹ کے انتخاب میں 10 آزاد امیدوار بھی کامیاب ہوئے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت سے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ دونوں امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔ فاٹا سے سینٹ کی چار نشستوں پر ہدایت اللہ، شمیم آفریدی، ہلال الرحمان اور مرزا محمد آفریدی کامیاب ہوئے ہیں۔ الیکشن کمشن نے کامیاب امیدواروں سے اخراجات کی تفصیلات طلب کرلیں۔ تفصیلات 5 روز میں جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔ امیدوار اخراجات کی تفصیلات متعلقہ ریٹرننگ افسران کے پاس جمع کرائیں جس کے بعد کامیابی کا حتمی نوٹیفکیشن جاری ہوگا۔ سینٹ الیکشن میں ایک امیدوار کے خرچ کی حد 15 لاکھ روپے مقرر تھی۔
الیکشن کمشن